پاکستان آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ بجھانے میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ بجھانے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آسٹریلین وائس چیف آف ڈیفنس فورسز وائس ایڈمرل ڈیوڈ جانسٹن نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے وائس ایڈمرل ڈیوڈ جانسٹن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ بجھانے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، آرمی چیف پہلے بھی جنگلات کی آگ بجھانے کے لیے تعاون کی پیشکش کرچکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وائس ایڈمرل ڈیوڈ جانسٹن نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے کردار کی تعریف کی اور آسٹریلیا کے نیک جذبات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کے جنگلات میں بڑے پیمانے پر لگی آگ کے باعث اب تک 27 افراد اور ایک ارب کے قریب چرند پرند ہلاک ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ جنگلات میں آتشزدگی کے نتیجے میں 2000 گھر مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر نقل مکانی کرچکے ہیں۔