اسلام آباد : چیئرمین نیب کو رضا کارانہ رقم کی واپسی کے معاملے پر عدالتی بینچ تشکیل دے دیا، عدالت نے2015میں رضاکارانہ رقم واپسی کےقانون پر از خود نوٹس لیاتھا، سماعت 15جنوری کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب کو رضاکارانہ رقم واپسی کا اختیاراستعمال کرنے کی اجازت ملے گی یا نہیں، اس حوالے سے چیف جسٹس سپریم کورٹ نے عدالتی بینچ تشکیل دے دیا۔
چیف جسٹس کی سر براہی میں 3رکنی بینچ 15جنوری کوکیس کی سماعت کرے گا، جسٹس اعجاز الاحسن اورجسٹس سجاد علی شاہ بھی بینچ کاحصہ ہوں گے۔
چیئرمین نیب کے رضاکارانہ رقم واپسی قانون پر ازخود نوٹس سماعت کے لیے مقرر کردیا، اس سلسلے میں رجسٹرار آفس نے نیب اور تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔
رجسٹرار آفس نے رضاکارانہ رقم واپسی سے متعلق48کیسز کو یکجا کردیا، واضح رہے کہ عدالت نے سال2015 میں رضا کارانہ رقم واپسی کے قانون پر ازخود نوٹس لیا تھا۔
سپریم کورٹ چیئرمین نیب کو تا حکم ثانی رضاکارانہ رقم واپسی کے اختیار سے روک چکی ہے، عدالت نے نوٹس رضاکارانہ رقم واپسی کے بعد کرپٹ افراد کی عہدوں پر بحالی پر لیا تھا۔