ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں سے آج عوام کو مشکلات ہیں، اسد قیصر

صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں سے آج عوام کو مشکلات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پنج پیر ضلع صوابی میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاست دان سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے مذہبی عقائد کو بنیاد بناتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مخالفین مذہب کارڈ کے بجائے موجودہ اور ماضی کی حکومتوں کا موازنہ کریں۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں سے آج عوام کو مشکلات ہیں، مہنگائی، بیروزگاری سمیت دیگرمسائل کا پیش خیمہ ماضی کی غلط پالیسیاں تھیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ35 سالوں کی پالیسیاں اب منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو بحرانوں کی دلدل سے نکالیں گے۔

سی پیک پاکستان اور پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے، اسد قیصر

یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان اور پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے، سی پیک منصوبے کی تکمیل میں قومی اسمبلی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔