لاہور: پی سی بی کے چیف فنانشل آفیسر بدر منظور اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیف فنانشل آفیسر بدر منظور نے استعفیٰ دے دیا، وہ آٹھ سال تک سی ایف او رہنے کے بعد رواں ماہ کے اختتام پر عہدہ چھوڑ دیں گے۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے بدر منظور کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بدر منظور نے ہمیشہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی بہتری کے لیے کام کیا۔
بدر منظور کے استعفیٰ دینے کے بعد پی سی بی آسامی کے لیے ریکروٹمنٹ کا عمل جلد شروع کرے گا۔
بدر منظور کا کہنا تھا کہ وہ جولائی 2011 سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا حصہ رہے اور یہاں پانچ مختلف پی سی بی چیئرمینز کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا تاہم اب وقت آگیا ہے کہ آگے بڑھا جائے۔
مزید پڑھیں: پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر عہدے سے دستبردار
انہوں نے کہا کہ پی سی بی سے منسلک رہنے کے دوران انہیں بورڈ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اپنے عہدے سے دستبردار ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی سی بی کے چیف اسٹریٹیجک آفیسر شفقت نغمی نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے چند ماہ بعد ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے ان کے عہدہ چھوڑنے کی وجہ نہیں بتائی گئی تھی، حکام کا کہنا تھا کہ شفقت نغمی اور پی سی بی مشترکہ طور پر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ وہ پی سی بی سے علیحدہ ہوجائیں۔