کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں پولیس مقابلے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ڈاکو ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں گشت پر مامور پولیس اہلکار ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران شہید ہوگیا جبکہ جوابی کارروائی میں ڈاکو بھی مارا گیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے، جب ڈاکوؤں نے فائرنگ کی اہلکار گشت پر تھے۔
دوسری جانب نارتھ کراچی منگھوپیر روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو موٹر سائیکل پر ٹارگٹ کیا گیا، مقتول امیر بخش کے پاس سے موبائل فون اور پرس ملا ہے، واقعہ ذاتی دشمنی لگتا ہے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید، حملہ آور ہلاک
ادھر فائیو اسٹار چورنگی سے چھینی گئی سرکاری ہائی روف سلیم سینٹر سے برآمد کرلی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ہائی روف گزشتہ روز دوپہر کو 2 ملزمان نے چھینی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سلیم سینٹر پر ناکہ بندی کے دوران مشتبہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، نہ رکنے پر پیچھا کیا تو ملزمان گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔