کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سیاستدانوں سے گزارش کی ہے کہ قرآن کو سیاست کے لیے استعمال نہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے قومی اسمبلی میں قرآن اٹھانے کے واقعے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ براہ کرم قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں نہ کہ اسے سیاست کے لیے استعمال کیا جائے۔
سابق اسٹار کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ قرآن کی تعلیمات پر عمل کرکے ملک وقوم کی خدمت کریں۔
سیاستدانوں سے گزارش ہے کہ قرآن پاک کو اپنی سیاست میں نا لے کر آئیں اور اگر لانا ہی ہے تو براہ کرم قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں تاکہ ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار قرآن پاک میں دئے گئے راستے کے مطابق پایا تکمیل ہوسکے۔
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) January 14, 2020
خیال رہے کہ آج قومی اسمبلی اجلاس میں شدید گرما گرمی نظر آئی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے وزیر مملکت برائے داخلہ کو قومی اسمبلی میں چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ شہریار آفریدی قسم کھائیں اور قرآن پر ہاتھ رکھ کر مجھ پر لگائے گئے الزامات دہرائیں۔
شہریار آفریدی نے قرآن پاک اٹھا کر رانا ثناء اللہ کا چیلنج پورا کردیا
جس پر خواجہ آصف کی جانب سے قومی اسمبلی کی لائبریری سے منگوایا گیا قرآن مجید شہریار آفریدی نے اٹھا لیا اور وہ ایوان میں بولتے رہے تاہم مائیک بند ہونے کی وجہ سے ان کی گفتگو ریکارڈ نہ کی جاسکی۔
رانا ثناء اللہ کا چیلنج پورا کرنے کے بعد مولانا صلاح الدین ایوبی نے شہریار آفریدی سے قرآن پاک واپس لے لیا۔