تحریک انصاف آئی جی سندھ کے دفاع میں سامنے آگئی

کراچی: تحریک انصاف نے آئی جی سندھ کے تبادلے کو روکنے کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے رہنما فردوس شمیم نقوی اور حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ ہم کسی صورت آئی جی سندھ کلیم امام کا تبادلہ نہیں ہونے دیں گے۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ آئی جی سندھ کو اپنا دفاع کرنے کا اختیار ہونا چاہئے، بغیر مشاورت کے آئی جی سندھ کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات قریب آرہے ہیں یہ پولیس کو استعمال کرنا چاہتے ہیں، غلط کام نہیں ہونے دیں گے، جو کام آئین کے مطابق نہیں ہوگا اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکتا۔

مزید پڑھیں: آئی جی سندھ قوانین کی خلاف ورزی کررہے ہیں، سعید غنی

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ افسر کو سننے کا موقع دیا جائے اس کے بعد بات ہوگی، عدالت کے دروازے ہمارے لیے اور کلیم امام کے لیے کھلے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی وزیراعظم سے بات ہوئی ہے، ہم نے گورنر کو اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پولیس کو گھر کی لونڈی بنانا چاہتی ہے، سندھ حکومت مرضی کا آئی جی سندھ لگانا چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ قوانین کی خلاف ورزی کررہے ہیں، انہوں نے بعض مواقع پر غیرذمہ دارانہ بیان بھی دئیے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بجائے خراب ہوئی۔