اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں شاہ محمود قریشی کا کردار مثالی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 ماہ میں سلامتی کونسل کا دوسری بار اجلاس ہوناعالمی سطح پر کشمیرکے ایک مسلمہ تنازع ہونے کا واضح اعتراف ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 5اگست کے بھارتی اقدام کے بعد سلامتی کونسل کی دوسری بیٹھک سفارتی کامیابی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے جائزحقوق کی گونج بڑے فورم پر سنائی دی۔
پانچ ماہ میں سلامتی کونسل کا دوسری بار اجلاس عالمی سطح پر کشمیر کے ایک مسلمہ تنازعہ ہونے کا واضح اعتراف ہے،جو سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود اور غور طلب ہے۔5 اگست کے بھارتی یکطرفہ اقدام کے بعد سلامتی کونسل کی دوسری بیٹھک ہماری سفارتی کامیابی ہے۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) January 16, 2020
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارتی دعوؤں کی پھر نفی ہوئی کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ ہے، مطالبہ ہےعالمی برادری کشمیریوں سے حق خودارادیت کےعہد کو نبھائے۔
فردوس عاشق اعوان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جرات اور دلیری سے کشمیریوں کا مقدمہ لڑا، کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔
معاون خصوصی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں شاہ محمود قریشی کا کردار مثالی ہے، شاہ محمود نے بہترین صلاحیتوں سے سفارتی محاذ پرکشمیریوں کی وکالت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یواین سیکرٹری جنرل کی پاکستان کے کردارکی تعریف خوش آئند ہے، پاکستان عمران خان کی قیادت میں متحرک، فعال،امن پسند ملک کی شناخت پا رہا ہے۔