ٹی 20 میں مسلسل شکست کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہورہی ہے، مصباح الحق

لاہور: نمبر ون ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق مسلسل شکستوں کے خوف سے نویں نمبر کی ٹیم سے متعلق بھی محتاط بیانات دینے لگے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ مسلسل شکست کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہورہی ہے، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔

مصباح الحق نے کہا کہ وہ محمد رضوان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، سرفراز کی پرفارمنس کا پی ایس ایل کے بعد جائزہ لیں گے۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کی تیارہی ہورہی ہے، ہمیں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ بہتر کرنا ہوگی اور اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی۔

ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوینٹی سیریز میں فیورٹ پاکستان کو کہہ سکتے ہیں نہ بنگلہ دیش کو کہہ سکتے ہیں، ہم ٹی ٹوینٹی میں لگاتار میچ ہارے ہیں۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش بورڈ نے پاکستان کیخلاف ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان کردیا

یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی ٹوینٹی میچ 24 جنوری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں‌ کھیلا جائے گا.

دوسری جانب بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کیمپ میں 19 کھلاڑیوں کو طلب کرلیا گیا ہے، کیمپ کل سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہوگا۔

کیمپ میں طلب کیے گئے کھلاڑیوں میں کپتان اظہر علی، اسد شفیق، عابد علی، بابر اعظم، بلال آصف، فواد عالم، فہیم اشرف، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، موسیٰ خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، یاسر شاہ اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی 28 جنوری کو کیمپ جوائن کریں گے، پاک بنگلہ دیش پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔