اسلام آباد : ترکی سے غیر قانونی طور پرمقیم پاکستانیوں کی بےدخلی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، ترک حکام نے مزید 10 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا جو ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔
تفصیلات کے مطابق ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم 10 پاکستانیوں کو بے دخل کرکے وطن واپس بھیج دیا گیا۔ ایف آئی اے امیگریشن حکام نے ڈی پورٹ ہونے والے افراد گرفتار کرکے پاسپورٹ سیل منتقل کردیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ترک حکومت نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ ترکی میں غیر قانونی طورپر مقیم 50 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
اس سلسلے میں پاکستانی سیکریٹری خارجہ نے وزارت خارجہ کو خط بھی لکھا تھا۔ اس سلسلے میں ترک حکام کی جانب سے تابڑ توڑ کاروائیاں بھی جاری ہیں اور آئے روز ترکی سے غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی بےدخلی کی خبریں میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔