لندن/اوٹاوا : برطانوی شہزادہ ہیری نے میڈیا اداروں کو ان کی تصاویر خریدنے یا شائع کرنے پر قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے چشم و چراغ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کی جانب سے برطانوی خبررساں اداروں کو خط کے ذریعے متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر ان کی تصاویر خریدی یا شائع کی گئیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے اور اس عمل کو ہراسگی سمجھا جائے گا۔
شہزادہ ہیری کے وکلاء کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ میڈیا کے نمائندے مستقل ان کے گھر کے باہر موجود ہیں اور جدید کیمروں سے ان کی تصویریں لینے کی کوشش کررہے ہیں۔
شہزادی ہیری شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کے بعد نئی زندگی کی تیاری کیلئے برطانیہ سے کینیڈا پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی اہلیہ میگھن مرکل اور 8 ماہ کا بیٹا آرچی پہلے سے مقیم ہیں۔
شہزادہ ہیری اور اہلیہ کا کینیڈا میں قیام، مقامی میڈیا کا اظہار برہمی
خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کے کینیڈا میں طویل قیام پر مقامی میڈیا نے ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے ناراض شاہی جوڑے کے کینیڈا میں قیام کو مقامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔
مشہور کینیڈین اخبار کے اداریے میں کہا گیا تھا کہ 1931ء کو ویسٹ منسٹر لاء کے تحت برطانیہ کے ساتھ کینیڈا کے تعلقات کو ایک مساوی اور آزاد ملک کے طور پر واضح انداز میں تسلیم کیا گیا تھا۔
اخبار کا کہنا تھا کہ اگرکوئی عام شخص کینیڈا میں قیام کرتا ہے تو کوئی پریشانی کی بات نہیں ہوتی مگر کوئی برطانوی شاہی خاندان کا ممتاز رکن ہونے کے باوجود کینیڈا میں رہنا چاہتا ہے تو یہ پریشان کن ہوسکتا ہے۔