حکومت نے کراچی سے متعلق ایم کیو ایم مطالبات پرعمل نہیں کیا، بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے کراچی سے متعلق ایم کیو ایم مطالبات پرعمل نہیں کیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ چین میں محصور پاکستانیوں کے حوالے سے کافی پریشان ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں چین میں پھنسے پاکستانیوں کے مسئلے کو اٹھایا ہے، حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستانیوں سے متعلق اقدامات کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی سےمتعلق ایم کیوایم مطالبات پرعمل نہیں کیا، کراچی کی دعویدار ایم کیوایم بھی مانتی ہے وعدے پورے نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے نظریات میں کافی فرق ہے، کراچی کے عوام کے مسائل سب کو مل کر حل کرنا چاہئیے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام سے جو وعدے کیے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں ہوا، وعدہ کیا گیا تھا پانی کے منصوبوں پر وفاق سندھ حکومت سے مل کر کام کرے گا۔

آئی جی سندھ کے لیے تجویز کردہ نام مسترد کرنے پر بلاول بھٹو برس پڑے

یاد رہے کہ دو روز قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کے لیے سنیارٹی پر نام بھیجے لیکن پھر بھی وزیراعظم نے اتفاق نہیں کیا۔