لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے پاک بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا، فواد عالم، فہیم اشرف اور بلال آصف بھی ٹیم میں شامل ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے پہلے پنڈی ٹیسٹ کیلیے سولہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
اظہرعلی قومی ٹیم کے کپتان ہیں، فہیم اشرف اور بلال آصف کی ٹیم میں واپسی ہوگئی جبکہ فواد عالم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ اس بار عثمان شنواری اور کاشف بھٹی کو ڈراپ کردیا گیا۔
اس حوالے سے مصباح الحق کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کیخلاف پوری تیاری کے ساتھ جائیں گے، ٹیسٹ چیمپئن شپ کیلیےمیچزجیتنا لازمی ہیں، قومی ٹیسٹ ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیاں نہیں کی گئیں صرف دو کی گئیں ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسکواڈ میں اظہر علی کپتان ہوں گے جبکہ عابد علی ،اسد شفیق، بابر اعظم، بلال آصف، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ، شان مسعود، یاسر شاہ ٹیم میں شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر مصباح الحق نے مزید کہا کہ فواد عالم کو لانے کا فیصلہ ٹیم کو مضبوط کرنا ہے، کاشف بھٹی بھی اچھی بولنگ بھی کر رہے ہیں، ٹیسٹ میچز کم ملنے کی وجہ سے بہت مشکلات ہوتی ہیں، ٹیسٹ سیریز مسلسل ہوں تو بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وکٹ ہماری توقعات کے مطابق نہیں ہے، اگلے سیزن سے قبل وکٹ کے مسئلے کو حل کرنا ہوگا، وکٹ کی بہتری کیلئے بہت سنجیدگی سے سوچا جارہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں جس کھلاڑی کی ضرورت ہوتی ہے اسے موقع دیا جاتا ہے، ہماری کوشش ہوتی ہےاچھی ٹیم میدان میں لائی جائے، مخالف ٹیم کو کبھی بھی آسان ہدف نہیں سمجھنا چاہیے۔
مصباح الحق نے کہا کہ بنگلا دیش ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم کیلئے مشکل ثابت ہوسکتی ہے، ٹیسٹ سیریز میں آگےجانے کیلئے بنگلادیش کےخلاف جیتنا ہوگا، بنگلادیش کے خلاف بیٹنگ اور بولنگ میں بہتری لانا ہوگی۔