کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے، انڈیکس 1221 پوائنٹس کمی کے بعد 41ہزارپوائنٹس کی سطح برقرار نہ رکھ سکا۔
تفصیلات کے پاکستان پر بھی کرونا وائرس کے خطرناک اثرات نمایاں ہونے لگے ، پاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کی لپیٹ میں رہا ، کاروبار کے دوران انڈیکس میں 1375پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔
اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام منفی زون میں ہوا ، 100 انڈیکس 1221 پوائنٹس کمی سے 40409 پر بند ہوا ، انڈیکس میں 3.02 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ، ایک دن میں مندی پر مارکیٹ کپیٹلائزئشن میں 185 ارب روپے کمی ہوئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں مندی کی وجہ افراط زرمیں اضافہ کےاعداد وشمار اورایشیائی منڈیوں میں مندی ہے ، جنوری میں مہنگائی کی شرح زیادہ آنے اور چین کی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی پر سرمایہ کار محتاط ہیں۔
مزید پڑھیں : کرونا وائرس چینی اسٹاک مارکیٹ کو لے ڈوبا ، 5 سال کی کم ترین سطح پر آگئی
یاد رہے چینی اسٹاک مارکیٹس میں زبردست مندی ریکارڈ کی گئی ، چینی حصص بازاروں میں نوفیصدکی کمی کےبعد2015 کی کم ترین سطح پرآگیا۔
چینی مارکیٹس میں لسٹڈ 2600 کمپنیوں کےحصص کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ چینی مرکزی بینک معیشت اورمارکیٹس کو سہارا دینے کیلئے بینکنگ سسٹم میں ایک سوبیس ارب ڈالرفراہم کردیے، آج کاروبار کےدوران شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 242 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
چینی اسٹاک مارکیٹس میں کمی کےاثرات دیگرایشیائی منڈیوں میں بھی نظر آئے،جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں 264 اورتائیوان مارکیٹ میں 174 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔