اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تمام اتحادی ساتھ ہیں کوئی پریشانی والی بات نہیں، مخالفین کے لیے میں صرف دعا کرسکتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق اتحادیوں سے مذاکرات کے لیے بننے والی کمیٹیوں کا اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اتحادیوں سےمتعلق تمام تحفظات دور ہوجائیں گے، تمام اتحادی ساتھ ہیں کوئی پریشانی والی بات نہیں ہے۔
صحافی نے سردار عثمان بزدار سے سوال کیا کہ کیا ترین صاحب کمیٹی میں واپس آ رہے ہیں، جس پر انہوں نے جواب دیا ہم سب ساتھ ہیں، سب سے زیادہ کام پنجاب میں ہو رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے صحافی نے سوال کیا کہ جو لوگ آپ کے مخالف ہیں ان کو کیا پیغام دیں گے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ مخالفین کے لیے میں صرف دعا کر سکتا ہوں۔
اس ہفتے اتحادیوں سے مذاکرات شروع ہوجائیں گے، پرویز خٹک
اس سے قبل وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اس ہفتے اتحادیوں سے مذاکرات شروع ہوجائیں گے، اتحادیوں سے مذاکرات کے پہلے سے طے شدہ طریقہ کار پر بات ہوگی۔
جہانگیر ترین سے متعلق سوال پر پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کو کمیٹیوں میں شامل کرنے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان نے کرنا ہے۔