کراچی : آئی جی سندھ سید کلیم امام کا کہنا ہے کہ سندھ سمیت کراچی میں امن وامان میں بہتری آئی، سندھ میں مختلف نوعیت کے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ پولیس کلیم امام نے کہا کہ نمبیو کرائم انڈیکس کے مطابق 2014 میں کراچی جرائم پر چھٹے نمبر پر تھا، 2019 کے اختتام پر کراچی جرائم میں 71 نمبر پر آگیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مؤثرپولیسنگ کی بدولت جنوری 2020 میں کراچی 88 ویں نمبر پر رہا، کرائم انڈیکس کے لحاظ سے فروری کے آغاز پر کراچی 94 ویں نمبر ہے۔
سید کلیم امام کا کہنا ہے کہ سندھ سمیت کراچی میں امن وامان میں بہتری آئی، سندھ میں مختلف نوعیت کے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے ٹھوس، مربوط ایکشن کے حوصلہ افزا نتائج آئے۔
آئی جی سندھ پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس حکمت عملی اورایکشن کو ہر سطح پر کامیاب اور نتیجہ خیز بنایا، سندھ بھر میں تجاوزات کی زد میں آنے والی پولیس چوکیوں کو بھی ختم کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ آئی جی سندھ کلیم امام کا کہنا تھا کہ میرا تبادلہ اتنی آسانی سے ہونے والا نہیں ہے، میرےخلاف سازش ہوئی ہے، جب جاؤں گا تو اپنے مقدر سے جاؤں گا۔