اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عوامی ریلیف کے لیے کچھ بھی کرنا پڑے کروں گا، قیمتوں میں کمی کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں کھانے پینے کی اشیا کی سستے نرخوں فراہمی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں حفیظ شیخ، حماد اظہر جہانگیر ترین، شہباز گل اور ثانیہ نشتر، علی زیدی اور چیئرمین یوٹیلٹی اسٹور نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں عوامی ریلیف کے لیے اہم فیصلے کیے گئے، وزیراعظم نے بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں ہر صورت کم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے کچھ بھی کرنا پڑے کروں گا، قیمتوں میں کمی کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے کچن میں بنیادی اشیاء ہر حال میں پہنچائیں، جن میں خریدنے کی سکت نہیں انہیں حکومت راشن دے گی، احساس پروگرام کے تحت انتہائی غریب افراد کو راشن دیں، اگر غریب کا احساس نہیں کرسکتے تو حکومت میں رہنے کا حق نہیں ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی بھی چیز کے پیسے کاٹیں مگر غریب آدمی کو سہولت دیں، غریب کی بہتری کے لیے ہی حکومت میں آئے ہیں، ملک میں مہنگائی سابقہ حکومت کی لوٹ مار کا نتیجہ ہے۔