جعلی اکاؤنٹس کیس: عبدالغنی مجید سمیت 2 ملزمان کی ضمانت منظور

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں نامزد اہم ملزم عبد الغنی مجید کو طبی بنیاد پر ضمانت دے دی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں نامزد اومنی گروپ کے مالک عبد الغنی مجید نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں طبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

عدالت نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ملزم کو ضمانت دی اور دس کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے کے مطابق عبد الغنی مجید کا پاسپورٹ نیب کے قبضے میں رہے گا، ملزم کو اسلام آباد کے علاوہ پاکستان کے کسی بھی شہر میں علاج کی اجازت ہوگی۔

مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: فریال تالپور کی عبوری ضمانت منظور

علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ملزم اعجاز ہارون (ایم ڈی پی آئی اے) کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں دس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ یاد رہے کہ اعجاز ہارون پر الزام ہے کہ انہوں نے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے دو جعلی اکاؤنٹس سے 144 روپے کی منی لانڈرنگ کی۔

یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں فریال تالپور اور سابق صدر آصف علی زرداری کو پہلے ہی طبی بنیادوں پر عدالت سے ضمانت مل چکی ہے۔