قومی ٹیم میں واپسی کے معاملے پر کامران اکمل نے ہاتھ کھڑے کردیے

کراچی: پی ایس ایل فائیو میں کوئٹہ کے خلاف سنچری بنا کر ٹیم کو فتح دلانے والے پشاور زلمی کے اوپنر کامران اکمل نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم میں آنے کا سوچ نہیں رہا صرف زلمی کو جیتوانا ہے۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ پی ایس ایل فور میں بھی پرفارم کر چکاہوں اور میری پوری توجہ پی ایس ایل میں پرفارمنس پر مرکوز ہے۔

پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کامران اکمل نے ٹیم میں سلیکشن کے سوال پر ہاتھ کھڑے کردیے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں آنےکا سوچ نہیں رہا صرف زلمی کو جیتوانا ہے یہ تو سیلکٹرز کا کام ہے وہ کب موقع دیتے ہیں۔

کامران اکمل نے کہا کہ عمر اکمل سے متعلق فیصلہ نہیں آیا، اگرغلطی پر ہےتو سزا ملے، فیصلہ آنے کے بعد جو آپ لوگ کہیں گےمیں قبول کروں گا تاہم میڈیا خود بھی فیصلہ آنے تک احترام کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمر اکمل میرا بھائی ہے وہ ایسا کچھ نہیں کرسکتا، دکھ ہورہا ہے جو میڈیا رپورٹ کر رہا ہے۔

قبل ازیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ ہمارے بولرز نےبہت اچھی بولنگ کی، ہاشم آملہ نےگیم پلان دیاتھا اس کےتحت کھیلا میں مثبت کھیلتے ہوئے پریشر نہیں لیتا۔