کرونا وائرس : زائرین اور تاجر ایران کا سفر کم کریں، نور الحق قادری

اسلام آباد: وفاقی مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ زائرین اور تاجر ایران کا سفر کم سے کم کریں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، سیکریٹری مذہبی امور، شیعہ علما نے شرکت کی۔

اجلاس میں کرونا وائرس کے پیش نظر زائرین کے لیے احتیاطی اقدامات، سفری ہدایات پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نور الحق قادری نے کہا کہ کرونا وائرس خطرناک وبا کی صورت میں پھیل رہا ہے، ایران جانے والے زائرین کو آگاہی کا پیغام دینا چاہتے ہی، زائرین ہوں یا تاجر، ایران کے سفر کو کم سے کم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے علما سےمشاورت کی گئی، ذاتی مفادات کے بجائے قومی مفادات کو مدنظر رکھا جائے، مدارس،خطبہ جمعہ اور مجالس میں عوام کو آگاہی دی جائے۔

نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک ایران اور چین کے ساتھ کھڑے ہیں، ایرانی حکام کے ساتھ 3 دن سے پالیسی بنا رہے ہیں۔

کرونا وائرس دنیا کے لیے بڑا خطرہ بن گیا، اموات 2619 ہو گئیں

واضح رہے کہ کرونا وائرس دنیا کے لیے بڑا خطرہ بن گیا ہے، وائرس سے اموات کی تعداد 2619 ہو گئی۔