محکمہ ریلوے کی ترقی کیلئے چین کی پاکستان کو بڑی پیشکش

اسلام آباد : چینی سفیریاؤ جنگ نے کہا ہے کہ ریل انفرااسٹرکچر کی ترقی کیلئے پاکستان ریلوے سے مکمل تعاون کریں گے، تمام حالات میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے ملاقات کے موقع پر کہی، تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے چینی کے سفیر یاؤجنگ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی، اس کے علاوہ ریل منصوبوں پر تبادلہ خیال اور کام کی رفتارمزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر ریلوے نے کورونا وائرس سے ہلاکتوں پر چینی سفیر سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی قوم اور حکومت چین کے ساتھ ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ رواں مالی سال میں ہی شروع ہوجائے گا، ایم ایل ون منصوبے میں گہری دلچسپی لینے پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں، امید ہے کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے اقدامات کو مزید تیز کیا جائیگا۔

شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کی خواہش ہے کہ ایم ایل ون اور کے سی آر جلد مکمل ہو، منصوبوں کے لیے چین کےساتھ ضروری اقدامات کریں گے،5سال کے1800کلومیٹر ایم ایل ون منصوبے پر9ارب ڈالر لاگت آئے گی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان ریلوے اور ملکی معیشت کے لیے بہت اہم ہے، چینی شراکت داری سے پاکستان میں ریل کا نقشہ بدل جائیگا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر یاؤ جِنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے روڈ اور ریل انفرا سٹرکچر کو ترقی دینا نا گزیر ہے، پاکستان ریلوے سے مکمل تعاون کریں گے، پاکستان اور چین تمام حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔