چین کی پاکستان ریلوے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی

کراچی: وزیرریلوے شیخ رشید سے پاکستان میں تعینات چینی سفیریاؤ ژنگ نے ملاقات کی، چین میں کرونا وائرس سے ہونی والی ہلاکتوں پر شیخ رشید نے افسوس کا اظہار کیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم مشکل کی گھڑی میں چین کے ساتھ کھڑی ہے، ملاقات میں پاک چین ٹرین منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔

شیخ رشید نے کہا کہ مارچ میں وزارت پلاننگ سے منظوری کے بعد منصوبہ شروع کردیا جائے گا، منظوری کے بعد پشاور اور کراچی میں لائن ون منصوبہ رواں سال شروع ہوگا، کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے کام کو بھی تیز کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے پر9 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی، ایم ایل ون منصوبہ1800کلو میٹر لمبا ہے جو 5سال میں مکمل ہوگا، منصوبہ پاکستان ریلوے اور ملکی معیشت کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

اس موقع پر چینی سفیر یاؤژنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے سے مکمل تعاون کریں گے۔