گلگت: گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات شروع کردیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہےکہ سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری صحت کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی نے گلگت اور اسکردو میں مختلف سرکاری اسپتالوں اور مراکز صحت کا دورہ بھی کیا۔
گلگت میں2، بلتستان میں 2اسپتال میں خصوصی وارڈز قائم کردیئے گئے، حفاظتی اقدامات ہمسایہ ممالک میں وائرس کے پھیلاؤ کے باعث کیے گئے۔
دوسری جانب ایران میں کروناوائرس سے اموات اور دو درجن سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد پاکستان الرٹ ہوگیا ہے۔ تفتان بارڈر سمیت ٹرانزٹ گیٹ، راہداری اور پاسپورٹ گیٹ بھی بند کردیے گئے۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ انٹری پوائنٹس پرعالمی ہیلتھ ریگولیشن پرعمل ہورہا ہے تاحال پاکستان میں کروناوائرس کاکوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، وزیراعلیٰ بلوچستان خود کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کی نگرانی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں نہایت مہلک وائرس کووِڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 698 تک پہنچ گئی۔