اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے مشکل وقت میں پاکستان کو اقتصادی تعاون فراہم کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سعودی تعلقات پر اظہار خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے بھارت میں ہندوتوا نظریات اور کشمیریوں کے مصائب کا ذکر کیا۔ ملاقات میں سعودی نائب وزیر دفاع نے سعودی قیادت کا اہم پیغام پہنچایا۔
سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کا خیر مقدم کرتے ہیں، سعودی عرب نے مشکل وقت میں پاکستان کو اقتصادی تعاون فراہم کیا۔
آرمی چیف سے اہم ملاقات، سعودی نائب وزیردفاع پاک فوج کے معترف
اس سے قبل جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی، دفاع اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔