معاشرتی ثقافت اور پاکستانیت کو اجاگر کرنا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشرےکی ثقافت اور پاکستانیت کو اجاگر کرنا اولین ترجیح ہے،اس حوالے سے فلم انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے ایسی ہر کوشش کی حمایت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیرصدارت فلم انڈسٹری کی بحالی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں فلم انڈسٹری کی بحالی اور سینما کے فروغ سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فلم انڈسٹری اور سینما کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز وزیراعظم کو پیش کی گئیں، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ معاشرے کی ثقافت اور پاکستانیت کو اجاگر کرنا اولین ترجیح ہے، معاشرتی ثقافت، اقدار اور تہذیب و تمدن کے تحفظ کو فروغ دینا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک کے اصل تشخص کو اجاگر کرنا چاہتی ہے، اس حوالے سے فلم انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے ایسی ہر کوشش کی حمایت کریں گے۔