بلوچستان کے قرنطینہ میں موجود افراد کا کورونا ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

کوئٹہ: کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بلوچستان میں بنائے گئے قرنطینہ میں موجود تمام افراد کےٹیسٹ کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تفتان سے ملک بھر میں کورنا وائرس پھیلنے کے بعد بلوچستان کے قرنطینہ میں موجود افراد میں وائرس کی تصدیق کیلئے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بلوچستان میں 2مقامات تفتان اور کوئٹہ میں قرنطینہ قائم ہیں،تفتان میں قائم قرنطینہ میں2800 سے زائد افراد موجود ہیں جب کہ میاں غنڈی کوئٹہ میں قائم قرنطینہ میں540 افراد موجود ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ قرنطینہ میں540 افراد سےٹیسٹ کیلئے سیمپلز وصول کر لیے گئے ہیں اور کورونا کی تصدیق پر مریض کو قرنطینہ سےباہر منتقل کیاجائےگا۔

واضح رہے کہ 540زائرین کویکم مارچ کو ایران سےتفتان منتقل کیا گیا تھا اور پھر 13مارچ کو تفتان سےکوئٹہ قرنطینہ منتقل کیاگیا، ان 540زائرین نے ایران میں 14روزہ قرنطینہ مکمل کر رکھا ہے۔