پیراں غائب رینٹل پاورریفرنس میں راجہ پرویز اشرف کی بریت، نیب نے بڑا اعلان کردیا

اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیراں غائب رینٹل پاورریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو بری کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیراں غائب رینٹل پاورریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو بری کرنے کا فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا احتساب عدالت کےفیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی۔

یاد رہے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے راجہ پرویز اشرف کی بریت کی درخواست منظور کر لی تھی عدالت نے راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر اسماعیل قریشی، شاہد رفیع، شوکت ترین، طاہر بشارت چیمہ، محمد سلیم عارف، چوہدری عبدالقدیر اور اقبال علی شاہ کو بری کرنے کا حکم دیا۔

مزید پڑھیں : راجہ پرویز اشرف پیراں غائب رینٹل پاور ریفرنس میں بھی بری

راجہ پرویز اشرف کے خلاف پیراں غائب ریفرنس نیب راولپنڈی کی جانب سے 2014 میں دائر کیا گیا تھا، جس میں 192 میگا واٹ کا رینٹل پاور پلانٹ ملتان کے علاقے پیراں غائب میں لگایا گیا تھا۔ منصوبے میں راجہ پرویز اشرف پر بطور وزیر پانی و بجلی کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال کا الزام تھا۔

خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر رینٹل پاؤر میں بے ضابطگیوں اور کرپشن کے حوالے سے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی گئیں تھیں، اس دوران انہیں عدالت میں بھی طلب کیا تھا، راجہ پرویز اشرف بطور وزیر اعظم بھی متعدد بارعدالت میں پیش ہوچکے ہیں۔