لاہور: معروف نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے مشہور اداکارہ ہانیہ عامر سے تعلق کے حوالے سے خاموشی توڑ دی اور اپنے مخالفین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر عاصم اظہر نے طویل پوسٹ شیئر کی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہانیہ اور میرا تعلق اتنا مضبوط ہے کہ جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا اور یہ ہم دونوں کے لیے ایک ’لیبل‘ سے بڑھ کر ہے، اس بات کا اظہار اداکارہ بھی کرچکی ہیں‘۔
گلوکار نے اپنے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’تو آپ سب آرام سے بیٹھو اور ہر جگہ محلّے کی پھپھو نہیں بنتے ہیں، ہانیہ ایک انتہائی خوبصورت شخصیت کی مالک ہے جس نے مجھے پیار کرنا اور پیار بانٹنا سیکھایا ہے‘۔
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آفیشل نغمہ گانے والے عاصم اظہر نے اداکارہ سے متعلق یہ بھی کہا کہ ’میں ہمیشہ ہانیہ کے لیے حاضر رہوں گا اور وہ بھی میرے لیے، اسی طرح ہمارا تعلق ہمیشہ مضبوط رہے گا اورجیسا کے میں نے کہا کہ ہمارا تعلق ایک لیبل سے بڑھ کر ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں اداکارہ ہانیہ عامر نے گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ اپنے رشتے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم دونوں ایک دوسرے کے لیے حاضر ہیں لیکن صرف دوست ہیں‘۔
بعد ازاں ہانیہ کی مذکورہ وضاحتی بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی اور سوشل میڈیا پر ایک طوفان اٹھ کھڑا ہوا تھا، کئی صارفین نے ہانیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور بے وفا کہا جبکہ بعض نے عاصم اظہر کو بے چارہ قرار دے دیا۔