اسلام آباد : وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کابینہ نے بھنگ کے پودے کے تجارتی اورطبی استعمال کی اجازت دیدی ، تاریخی اقدام سے پاکستا ن بلین ڈالر کی مارکیٹ میں قدم رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ کابینہ نے بھنگ کے پودے کے تجارتی اور طبی استعمال کی اجازت دے دی جبکہ استعمال سےمتعلق لائسنس کی منظوری دی، منظوری وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اورپی سی ایس آئی آرکودی گئی ہے، تاریخی اقدام سے پاکستا ن بلین ڈالر کی مارکیٹ میں قدم رکھے گا۔
Cabinet has approved first License for @MinistryofST and PCSIR for industrial and medical use of Hemp, landmark decision ll place Pakistan in billions of USD CBD market…..
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 1, 2020
یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا تھا ، جس میں ملکی سیاسی،معاشی صورتحال کا جائزہ لیاگیا اور کراچی کی صورتحال ،امدادی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں اسلام آباد اور مارگلہ روڈ پر تجاوزات سےمتعلق بریفنگ مؤخر کردی گئی جبکہ ملک کے بڑےایئرپورٹس آؤٹ سورس کرنے سے متعلق اور کابینہ کی منظوری کے بغیر ہونے والی تعیناتیوں پربریفنگ دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے بڑے شہروں میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخابات کیلئے ناموں کی منظوری دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں نیپرا اور اسٹیٹ آف انڈسٹری کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی جبکہ پبلک پرائیویٹ تعمیرات، پیپرا رولز سےمتعلق کابینہ کو بریفنگ دی۔