اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ڈی ایم کا جلسہ فلاپ شو تھا۔
اپنے ایک بیان میں فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں مل کر بھی جناح اسٹیڈیم کو بھر نہ سکیں، پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ کا جلسہ فلاپ شو تھا کیونکہ اس سے زیادہ لوگ تو فواد کھگا کے ولیمے میں تھے۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ’جلسے میں جو تھوڑے لوگ آئے وہ بتیاں دیکھنے آئے کیونکہ جیسے ہی ان کے خطابات شروع ہوئے تو وہ واپس چلے گئے، عوام کو چھٹی کا دن منانا تھا، اس لیے چند لوگ آئے اور انہیں تقاریر سے کوئی لگاؤ نہیں تھا‘۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ’عوام نے ان کو مسترد کردیا، انہیں تین سال بعد دوبارہ کوشش کرنا پڑے گی کیونکہ آج کا شو بہت ہی فلاپ تھا‘۔
تھوڑے بہت لوگ جو آئے وہ بتیاں دیکھنے آئے تھے ان کی بوتھیاں دیکھنے نہیں – جیسے ہی ان کے خطابات شروع ہوئے – لوگ واپس چلے گئے – لوگوں کو ویکینڈ منانا تھا – انہیں ان کی تقریروں سے کوئی لگاؤ نہیں – عوام نے ان کو مسترد کردیا – تین سال بعد دوبارہ کوشش کرنا – ویسے بہت ہی فلاپ شو تھا
— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) October 16, 2020
یاد رہے کہ آج اپوزیشن اتحاد نے گوجرانوالہ میں پہلا جلسہ کیا، جس میں کرونا ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی ہوئی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے معاہدے کو بھی سیاسی جماعتیں کسی خاطر میں نہیں لائیں۔
مزید پڑھیں: پی ڈی ایم گوجرانوالہ جلسہ، کرونا ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزیاں، معاہدہ ردی کی ٹوکری ہوگیا
اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف نے انکشاف کیا تھا کہ تین بڑی اور گیارہ چھوٹی سیاسی جماعتوں کے پہلے جلسے میں کرونا کی خلاف ورزی کی گئی مگر اُس کے باوجود بھی پنڈال خالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے باوجود بھی جگہیں خالی ہیں جبکہ گوجرانولہ کے کے آدھے اسٹیڈیم میں اسٹیج لگایا گیا ہے تاکہ جگہ بھری ہوئی نظر آئے۔