پی سی بی میں کتنے کلبز نے رجسٹریشن کروائی؟

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دس مارچ کو شروع ہونے والا کلبز کی رجسٹریشن کا عمل 8 ‏اپریل بروز جمعرات کو ختم ہوگیا۔ اس دوران ملک بھر سے 3807 کرکٹ کلبز نے رجسٹریشن کے ‏لیے درخواستیں جمع کروائیں۔

اگست 2019 سے نافذ العمل نئے آئین سے قبل3115 کلبز پی سی بی کے ساتھ رجسٹرڈ تھےتاہم ، ‏ماڈل آئین میں ترامیم اور کلب ایفیلیشن اور آپریشنل قواعد کو متعارف کرانے کے بعد ، پی سی بی ‏کو ماضی کی نسبت 22 فیصد زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔

اس آن لائن رجسٹریشن کے ابتدائی 12 روز میں 1362 اور آخری 17 روز میں 2445 درخواستیں ‏موصول ہوئیں جو ملک بھر کے کرکٹ آرگنائزرز کا پاکستان کرکٹ بورڈ سے اعتماد کا واضح ثبوت ‏ہے۔

پی سی بی کو سب سے زیادہ845 درخواستیں خیبرپختونخوا کرکٹ ایسوسی ایشن سے موصول ہوئیں ‏جبکہ سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن سے 774، سندھ سے 676، سدرن پنجاب سے 524 اور ‏ناردرن سے 486 کلبز کی درخواستیں موصول ہوئیں۔

سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز میں سب سے زیادہ درخواستیں کراچی سے موصول ہوئیں، جہاں سے ‏‏231 کرکٹ کلبز نے درخواستیں جمع کروائیں۔ لاہور سے 222 کرکٹ کلبز پی سی بی کے ساتھ ‏رجسٹریشن کے خواہشمند ہیں۔

اس کے علاوہ فیصل آباد سے 100 سے زائد، حیدر آباد سے94، راولپنڈی سے 87، بنوں اور کوئٹہ سے ‏بالترتیب 83 اور 82 کرکٹ کلبز نے رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کروائیں۔سدرن پنجاب ‏کرکٹ ایسوسی ایشن سے سب سے زیادہ بہاولنگر سے 61 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ‏

رجسٹریشن کے پہلے مرحلے کے اختتام پر اب درخواست گزار کامیاب کلبز کے صدور کوان کے ‏رجسٹرڈ ای میل ایڈریس پر ایک ان لائن لنک بھجوایا جائے گا،جہاں انہیں ممبرشپ اور کھلاڑیوں کی ‏کٹیگریز سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔