کراچی کے مزید علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

لاک ڈاؤن

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا کیسز بڑھنے پر کیماڑی کے بعد ضلع وسطی میں ‏مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون کے نفاذ سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ‏گیا ہے۔ 21 اپریل سے 5مئی تک ضلع وسطی کے تین ٹاونز گلبرگ، نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد ‏کے مختلف علاقوں اور رہائشی یونٹس پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون رہے گا۔

نوٹیفیکشن کے مطابق تینوں ٹاونز میں 13 کورونا کے مریض موجود ہیں، متاثرہ علاقوں میں آنے اور ‏جانے والے تمام افراد کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

متاثرہ علاقوں کے لوگ کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی اور علاقے میں تمام کاروباری و ‏صنعتی سرگرمیاں معطل رہیں گی، متاثرہ علاقوں میں ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

اسی طرح متاثرہ علاقوں میں فیملی اجتماع پر پابندی ہوگی، کورونا مثبت افراد اپنے گھروں میں ‏قرنطینہ رہیں گے، حکومت متاثرہ علاقوں میں بسنے والے مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کے ‏ہر ممکن اقدامات کرے گی۔