بھارت میں کورونا مریض کی لاش کے ساتھ دلخراش واقعہ

بھارت میں اسپتالوں کے مردہ خانے بھر گئے، کورونا سے ہلاک افراد کی لاشیں منتقل کرنا اور آخری ‏رسومات کی ادائیگی کے دلخراش واقعات بڑھتے جارہے ہیں۔

ایک جانب مہاراشٹر میں ایک ایمبولینس میں 22 لاشیں لے جانے پر لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا ‏جاتا ہے تو دوسری جانب کولکتا میں ایمبولینس ڈرائیور کورونا مریض کی لاش سڑک پر رکھ کر فرار ‏ہوگیا۔

ایک ارب 30 کروڑ آبادی کے ملک میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ دارالحکومت دہلی ‏میں صورت حال انتہائی ابتر ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئی دہلی کے سر گنگا رام ہسپتال کے ایک ترجمان کا کہنا تھا ‏کہ اس وقت ہسپتال میں شدید بحران کی صورت حال ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے تمام شہریوں پر ویکسین لگوانے اور احتیاط برتنے پر زور دیا ہے جبکہ ‏ہسپتالوں اور ڈاکٹروں نے نوٹس دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مریضوں کی بڑی تعداد سے نمٹ نہیں پا ‏رہے۔

بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورت حال کے بعد صحت کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے، اسپتال میں ‏اسٹریچر نہ ہونے کے باعث مجبوراً مریض کو اسکوٹی کا سہارا لینا پڑا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں کورونا کے ممکنہ مریض کو اسپتال کے ‏انتہائی نگہداشت وارڈ(آئی سی یو) سے ایمبولنس تک لے جانے کے لیے مریض کو اسکوٹی پر بٹھایا ‏گیا۔

ادھر کولکتا میں کورونا سے ہلاک ہونے والے شخص کی لاش کو ایمبولینس ڈرائیور سڑک پر چھوڑ ‏گیا جس پر عوام میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

ڈرائیور کی اس حرکت پر مقامی لوگوں نے احتجاج کیا۔ ایمبولینس ڈرائیور پی ایس میڈیکل کالج ‏اینڈ اسپتال کا بتایا جاتا ہے۔

ورثاء نے ڈرائیور کی اس حرکت پر شرمناک قرار دیتے ہوئے اسپتال انتظامیہ سے معافی کا مطالبہ کیا ‏ہے۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ نے معافی نہ مانگی تو وہ مقدمہ درج کروائیں گے۔