ایم ڈی کے الیکٹرک طلب، گورنر کا لوڈشیڈنگ پر اظہارِ برہمی

کراچی شہر میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے معاملات پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے ‏ایم ڈی کے الیکٹرک مونس علوی کو گورنر ہاﺅس طلب کرلیا۔ ‏

گورنرہاؤس طلب کیے جانے پر ایم ڈی کے الیکٹرک مونس علوی گورنر سے ملاقات کے لیے پہنچے۔ ‏گورنر سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے فوری عوام کو ‏ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ شہر میں جاری لوڈ شیڈنگ کے معاملات کو ذاتی طور پر دیکھیں ‏اور شہر یوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ ‏

ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے وفاقی وزیر برائے توانائی محمد حماد اظہر سے بھی فون پر ‏رابطہ کیا اور شہر میں جاری لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے صورتحال کو بہتر بنانے اور کے الیکٹرک ‏کے معاملات میں بہتری لانے پر زور دیا۔ ‏

وفاقی وزیر برائے توانائی محمد حماد اظہر نے بھی ایم ڈی کے الیکٹرک مونس علوی کو موقع پر ‏ہی ہدایات جاری کیں ۔