مسافر وین میں آگ لگنے کا واقعہ: جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی

راجن پور : پنجاب کے شہر راجن پور میں مسافر وین میں آتشزدگی کے واقعے میں جھلسنے والی دو بچیاں دم توڑ گئیں، جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق روجھان مزاری میں شمس آباد ٹول پلازہ کے قریب مسافر وین میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں تین بچوں اور خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق خوفناک حادثے میں 9 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، زخمیوں کا علاج جاری تھا کہ آتشزدگی کی لپیٹ میں آنے والی دو بچیاں دوران علاج چل بسیں۔

حادثے میں زخمی بچیوں کے دم توڑنے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد آٹھ ہوگئی جب کہ دیگر 7 زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وین میں آگ لگنے کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

مزید پڑھیں: سیالکوٹ: مسافر وین اور ٹرک کے درمیان تصادم، 4 افراد جاں بحق

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے باعث چار افراد جاں بحق جبکہ دس سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ وزیرآباد روڈ پر رویلہ اسٹاپ کے قریب پیش آیا تھا،جہاں سیالکوٹ سے راولپنڈی جانے والی مسافر وین دھند کے باعث ٹرک سے جاٹکرائی تھی، حادثے کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دس سے زائد زخمی ہوئے تھے۔