ایک ماہ کے لیے لاک ڈاؤن؟

کراچی: وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے خبردار کیا ہے کہ حکومت کی رٹ چیلنج کرنے پر کاروبار ایک ماہ کے لیے بند کردیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق تاجروں کے وفد نے صوبائی وزیرناصر حسین شاہ سے ہنگامی ملاقات کی، اس موقع پر حکومت کی جانب سے مکمل یقین دہانی کرائی گئی۔

وزیر نے کہا کہ 9 اگست سے جن سیکٹرز میں ویکسی نیشن ہوگئی انہیں کاروبار کی اجاز ت دی جائے گی، لیکن حکومت کی رٹ چیلنج کرنے پر کاروبار ایک ماہ کے لیے بند کردیا جائے گا، تاجروں اور ورکرز کے لیے علیحدہ سے ویکسی نیشن مرکز قائم کیے جائیں گے، پولیس کورویہ تبدیل کرنے اور نرمی والے سلوک کی ہدایت کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کا شکر گزار ہوں کہ کورونا کی سنجیدہ صورت حال پر ہمارے ساتھ ہیں، جب ایس او پی پر عمل کیا جاے گا تو تمام کاروبار کھول دیا جائے گا۔

دریں اثنا صدر آل سٹی تاجر اتحاد نے مؤقف اختیار کیا کہ ہول سیل مارکیٹوں میں گاہکوں کارش نہیں ہوتا، ان مارکیٹوں کو کھولا جائے، تاجروں کو لوکل باڈی ٹیکسز میں ریلیف کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

اتحاد نے یہ بھی بتایا کہ حکومت کی جانب سے تاجروں کو بلاسودی قرضے دینے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔