مائرہ قتل کیس: ملزم ظاہر جدون نے ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا

لاہور : مائرہ قتل کیس کے ملزم ظاہر جدون نے ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ، ملزم نے استدعا کی ہے کہ مائرہ قتل سے کوئی تعلق نہیں ،عدالت ضمانت پر رہائی کا حکم دے۔

تفصیلات کے مطابق مائرہ قتل کیس کے ملزم ظاہر جدون نے ضمانت کے لیے سیشن عدالت میں درخواست دائر کردی ، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے مائرہ قتل کیس کا چالان جمع کرا دیا ہے اور پولیس نےتمام شواہد اکٹھےکر لیے ،ملزم سے کوئی برآمدگی نہیں ہونی۔

،درخواست میں کہا گیا کہ فیصلے سےپہلےملزم کوغیر معینہ مدت کےلیےجیل میں نہیں رکھا جاسکتا، ذاتی رنجش کی بنا پر مقدمے میں مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ، مائرہ قتل سے کوئی تعلق نہیں ،عدالت ضمانت پر رہائی کا حکم دے۔

ملزم ظاہر جدون کی درخواست ضمانت پر سیشن عدالت نے پولیس سے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کرلیااور سماعت 10 اگست تک ملتوی کردی۔

یاد رہے مائرہ قتل کیس میں پراسیکیوشن نے سیشن عدالت میں چالان جمع کرایا تھا ، جس پر عدالت نے ملزمان کو ٹرائل کے لیے طلب کر لیا تھا۔

واضح رہے کہ لاہور کے علاقے ڈيفنس میں 26 سالہ لڑکی مائرہ ذوالفقار کو قتل کردیا گیا تھا ، جس کے بعد قتل کا مقدمہ اس کے پھوپھا کی مدعیت میں 2 نامزد ملزمان سمیت 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

بعد ازاں ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ ماہرہ کے جسم پر دو گولیوں کے نشان ملے ہیں، ایک گولی مقتولہ کی گردن جبکہ دوسری بازو پر لگی، مائرہ کے دائیں ہاتھ اور بائیں پاؤں پر زخم کے نشانات پائے گئے ہیں اور مائرہ ذوالفقار کی موت گردن میں لگنے والی گولی سے ہوئی تھی۔

خیال رہے مائرہ قتل کیس میں نامزد ملزم ظاہر جدون نے پولیس حراست میں اعتراف جرم کیا تھا ، ملزم نے اعترافی بیان میں کہا تھا کہ مائرہ نشے میں تھی تو اس سے جھگڑا ہوا ، میں نے خود مائرہ کو 3مئی کی صبح قتل کیا، اقراکوعلم تھا، ظاہر جدون مقتولہ ماہرہ کا عرصہ دراز سے دوست تھا