لاہور: محرم الحرام سے قبل صوبائی حکومت نے بڑے پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بنیاد پر انسٹھ آپریشن کئے گئے، آپریشن کے دوران لاہور سے تین دہشت گردوں سمیت اٹھارہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا،دہشتگردوں میں محم دفرحان،محمد ارشد ،مظہرعباس شامل ہیں، مشتبہ دہشت گردوں سے نامعلوم مقام پر تفتیش جاری ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق انٹیلی جنس آپریشن میں انچاس مشتبہ افراد سے تفتیش کی گئی، تفتیش میں کئی اہم کامیابیاں ملی، جن کی مدد سے مزید انٹیلی جنس آپریشن کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ نے سی ٹی ڈی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سی ٹی ڈی نے لاہور میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا: وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیر اعلیٰ نے سی ٹی ڈی فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھا اور سی ٹی ڈی کی جدید انداز میں مہارت اور صلاحیتوں کو سراہا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خلاف ناقابل فراموش خدمات انجام دیں، سی ٹی ڈی نے لاہور میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔
عثمان بزدار نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کے لیے 54 کنال اراضی فوری طور پر فراہم کرنے اور مزید 10 اضلاع میں سی ٹی ڈی کے دفاتر کی تعمیر کے لیے اراضی دینے کا بھی اعلان کیا۔