مودی جیسا فاشسٹ کشمیریوں کی قربانیوں کو نہیں ہرا سکتا، فواد چوہدری

فواد چوہدری

اسلام آباد : وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیریوں کیلئے پاکستانی سیسہ پلائی دیوار ہیں، مودی جیسا فاشسٹ ہماری قربانیوں اور جذبے کو نہیں ہرا سکتا۔

وزیر اطلاعات نے کشمیر کے یوم استحصال  پر  اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ہرسطح پر کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہماری معاشی، سیاسی اور خارجہ محاذ پر تمام پالیسیاں مسئلہ کشمیر کو مد نظر رکھ کر بنی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیری عوام کیلئے پاکستانی عوام سیسہ پلائی دیوار ہیں، کشمیر پر ہم نے بھارت سے4جنگیں لڑیں، ہمارے جوان شہید ہوئے، پاکستانی، کشمیری جدوجہد کی شمع بجھنے نہیں دیں گے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان اور کشمیر کےعوام مل کر5اگست کے مودی حکومت کے اقدامات کو واپس کرائیں گے، مودی جیسا فاشسٹ ہماری قربانیوں کو ہرا نہیں سکتا۔

اس سے قبل گزشتہ روز اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بھارت تمام خودمختار صحافیوں کو بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دے۔

فواد چوہدری نےبتایا کہ غیر ملکی صحافیوں نے 5 اگست کو آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنا تھی لیکن بھارت نے غیر ملکی صحافیوں کو پاکستان آنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔