امریکا جانے کے خواہش مند افراد کے لیے اہم خبر

واشنگٹن انتظامیہ نے امریکا آنے والے غیرملکیوں کے داخلے پر ایک اور پابندی عائد کرتے ہوئے بھارت سمیت دیگر ممالک پر سفری پابندیاں غیر معینہ مدت تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جوبائیڈن انتظامیہ نے امریکا جانے کے خواہش مند تمام غیرملکیوں کے داخلے کو ویکسین سے مشروط کردیا۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا میں داخل ہونے والے تمام غیرملکیوں کو منظور شدہ ویکسین لگوانی لازمی ہوگی اور انہیں ایئرپورٹ پر اپنا ویکسین سرٹیفیکٹ بھی دکھانا ہوگا، جس کی تصدیق کے بعد انہیں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

وائٹ ہاؤس کے اہم عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے پی کو بتایا کہ جو بائیڈن انتظامیہ نے امریکا آنے والے تقریباً تمام  غیرملکیوں کو کرونا ویکسین لگوانے کا پابند کرنے کے لئے پہلا قدم اٹھا لیا ہے۔

دوسری جانب امریکا نے چین، شین گین، برطانیہ، آئرلینڈ، برازیل، جنوبی افریقا اور بھارت پر سفری پابندیاں غیرمعینہ مدت تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکا کی جانب سے جاری ہونے والی سفری گائیڈ لائنز میں بتایا گیا ہے کہ مسافروں کو امریکا روانگی سے 72 گھنٹے قبل کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ دکھانی ہوگی۔