کرونا ویکسین، ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دے دی

ایشیائی ترقیاتی بینک

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 500 ملین ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ایشین ڈیویلپمنٹ بینک نے پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دے دی، 500 ملین ڈالر قرض سے پاکستان کرونا ویکسین کا حصول ممکن بنائے گا۔

قرض کی اس رقم کو صحت سے متعلق سہولیات بہتر بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کرونا وائرس کے باعث معاشی تنزلی کی وجہ سے پاکستان کو جولائی سے دسمبر 2021 کے آخری مرحلے کے تحت عالمی قرض ریلیف ملنے کا بھی امکان ہے، جی 20 ممالک سے 3 ارب 78 کروڑ 10 لاکھ ڈالر قرض ریلیف مل سکتا ہے، قرض ریلیف کا یہ تیسرا مرحلہ ہوگا۔

پاکستان نے مئی سے دسمبر 2020 کے پہلے مرحلے کے تحت قرض ریلیف حاصل کیا تھا، پہلے مرحلے میں 1 ارب 60 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرض ریلیف حاصل کیا گیا تھا، جنوری سے جون 2021 کے دوسرے مرحلے کے تحت قرض ریلیف ملا، دوسرے مرحلے میں 1 ارب 12 کروڑ 10 لاکھ ڈالر قرض ریلیف حاصل ہوا تھا۔