ڈاکٹر ماہا مبینہ خودکشی کیس ، ملزمان پرفردِ جرم عائد

کراچی : ڈاکٹر ماہا مبینہ خودکشی کیس میں ملزمان پرفردجرم عائد کردی گئی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا ، جس کے بعد عدالت نے گواہان اور تفتیشی افسر کو4 ستمبر کوطلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی سیشن عدالت میں ڈاکٹر ماہا مبینہ خودکشی کیس سے متعلق سماعت ہوئی ، سماعت میں ملزمان کےخلاف فرد جرم میں شواہد چھپانے کی دفعات شامل کرنے کی درخواست کی گئی۔

استغاثہ نے کہا ملزمان نے ڈی این اے کا نمونہ تاحال نہیں دیا ،ڈی این اے نمونہ نا دینا ملزمان کی شواہد چھپانے کی کوشش ہے، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ ڈی این اے کےلیےنمونہ نہیں دیا تو ایس ایس پی انوسٹی گیشن سےرابطہ کریں۔

استغاثہ نے عدالت سے فرد جرم کی کارروائی مؤخر کرنے کی استدعا کی ،عدالت نے ریمارکس میں کہا ملزمان کی خلاف زیادتی کی دفعات فرد جرم میں شامل ہے، فرد جرم کی کارروائی آج ہی کی جائے گی۔

جس کے بعد عدالت نے ڈاکٹر ماہا مبینہ خودکشی کیس میں ملزمان پر فرد جرم عائد کردی ، استغاثہ کی درخواست پرشواہد چھپانے کی دفعات بھی فرد جرم میں شامل کرلی گئیں جبکہ فرد جرم میں قتل بالسبب،زیادتی کی دفعات بھی شامل ہیں۔

سیشن عدالت میں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، جس پر عدالت نےاستغاثہ کے گواہان اور تفتیشی افسر کو4 ستمبر کوطلب کرلیا ہے۔