کراچی کے ساحل پر ایک اور بحری جہاز پھنسنے کا خطرہ ٹل گیا

کراچی: بروقت آپریشن نے ایک اور بحری جہاز کو کراچی کے ساحل پر پھنسنے سے بچا لیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کیٹی بندر کے پاس خراب انجن اور دونوں اینکر ٹونے والے ایل این جی ٹینکر شپ کو کراچی پورٹ تک ریسکیو کر لیا گیا۔

میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بروقت کارروائی سے ایل این جی بحری جہاز کو ساحل پر پھسنے سے بچایا، ٹیم نے سمندر میں خراب ایل این جی ٹینکر (GAS YODLA) کو کراچی پورٹ تک ریسکیو کیا۔

جہاز کو ہنگامی طور پر کراچی پورٹ کے نجی ٹرمینل ایس اے پی ٹی پر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاز میں عملے کے 17 ارکان سوار تھے، اور یہ کیٹی بندر سے 15 ناٹیکل میل دور لنگر انداز تھا۔

پی ایم ایس ایس سبقت اور کشمیر نے ایل این جی ٹینکر شپ کو ریسکیو کیا، جب کہ ڈاوٴ (AL KHALEEL-III) کے ذریعے جہاز کو کھینچنے کے لیے روانہ کیا گیا تھا، اینکر ٹوٹنے کی وجہ سے جہاز کو نوٹ انڈر کمانڈ قرار دیتے ہوئے گہرے پانیوں میں لے جایا گیا۔

ایل این جی جہاز کو ساحل کی طرف آنے سے روکنے کے لیے پی ایم ایس ایس کشمیر موجود رہا، کے پی ٹی آپریشن حکام کا کہنا ہے کہ گیس یوڈلا نامی جہاز پانامہ سے تعلق رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ کلفٹن کے ساحل پرگزشتہ ماہ سے ایک جہاز ہینگ ٹونگ 77 ریت میں پہلے ہی پھنسا ہوا ہے۔