معروف بھارتی اداکارہ کی پھندا لگی لاش برآمد

گووا: معروف بھارتی اداکارہ کی گھر سے پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تامل فلموں کی مشہور اداکارہ و روسی ماڈل الیگزینڈرا جاوو کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق اداکارہ کی موت مبینہ طور پر خودکشی کے باعث ہوئی ہے۔

اداکارہ الیگزینڈرا جاوو گووا میں اپنے گھر میں مقیم تھیں جہاں کمرے کی چھت سے ان کی لاش لٹکی ہوئی ملی تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔

پولیس کے مطابق اداکارہ دوست کو چھوڑنے کے بعد گزشتہ کئی دنوں سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔

علاوہ ازیں 2019 میں اداکارہ نے ایک فوٹو گرافر کیخلاف جنسی ہراسانی کی شکایت درج بھی کروائی تھی جبکہ ایک اور شخص انہیں بلیک میل بھی کررہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران تمام افراد سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اداکارہ کا تعلق روس سے ہے جو بھارتی تامل انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ تھیں اور گووا میں رہائش پذیر تھیں، واقعہ سے متعلق ان کے اہل خانہ اور روسی سفارت خانہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔