اسلام آباد: مشیر خزانہ شوکت ترین نے مہنگائی کی شرح میں 0.67 فیصد کمی اور چینی کی قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مشیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا، مشیر، معاونین خصوصی اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز شریک ہوئے۔
سیکریٹری خزانہ نے اجلاس کے شرکا کو مہنگائی اور معاشی صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی۔، جس میں بتایا گیا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.67 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی ، 23 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
اجلاس میں گندم، چینی، دالوں،چکن سمیت دیگراشیائےخوردنی کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا، جس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ٹماٹر، پیاز، آلو، چکن، چینی سمیت مختلف اشیاکی قیمتیں ایک ہفتے کے دوران کم ہوئیں ہیں۔
مزید پڑھیں: مشیرخزانہ شوکت ترین کا آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے تک منی بجٹ لانے کا اعلان
بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب،خیبرپختون خواہ اور وفاق میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے برقرار رہے۔
سیکریٹری خزانہ نے شرکا کو بتایا کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سےگندم کی فراہمی میں بہتری آئی جبکہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے چینی کی قیمت میں مسلسل کمی ہورہی ہے جبکہ مستقبل میں قیمتیں مزید نیچے جائیں گی۔
شوکت ترین نے چینی کی قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا اور پنجاب، خیبرپختون خواہ کو آٹے کی رسد بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
مشیر خزانہ نے ہدایت کی کہ پام اور سویا بین آئل کی قیمتوں میں کمی کافائدہ براہ راست عوام تک پہنچنا چاہیے، دالوں کی پیداوار بہتر ہونے سے درآمدات پر انحصار کم ہوگا۔ انہوں نے فرٹیلائزرکی آسان دستیابی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ مؤثرانتظامی اقدامات سےکھادکی کی قیمتوں میں کمی آئی۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کی شرح میں 11.53 فیصد اضافہ
شوکت ترین نے سستے اور سہولت بازاروں میں کم قیمتوں پر اشیاکی فراہمی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔