گوجرانوالہ: سانحہ سیالکوٹ میں گرفتار آٹھ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کی نجی فیکٹری میں سری لنکن شہری کو بہیمانہ تشدد کے بعد جلا کر مارنے والے آٹھ ملزمان کو آج سخت سیکیورٹی میں گوجرانوالہ کی اے ٹی سی میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے موقع پر پولیس نے عدالت سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ دلخراش واقعے سے متعلق مزید حقائق جانچنے ہیں لہذا گرفتار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کوجسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا اور 21 دسمبر کو دوبار پیش کرنے کا حکم دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ان ملزمان میں پریانتھا کمارا کی نعش کی بے حرمتی کرنے والا ذاکر سلمان بھی شامل ہے، جسے رات گئے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں واقعہ کی ویڈیو بنانے، اشتعال دلانے اور تشدد کرنے والے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے سیالکوٹ میں واقع وزیرآباد روڈ پر قائم لیدر فیکٹری میں گزشتہ 9 برس سے مینیجر کے عہدے پر کام کرنے والے سری لنکن شہری کو مشتعل ملازمین کے ہجوم نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور پھر لاش کو آگ لگا دی تھی۔