ایشین ہاکی چیمپئنزٹرافی کے لیے جونیئر ٹیم کےگول کیپر عبداللہ اور وقار کو ڈھاکا بھیجنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ دونوں گول کیپر کے بنگلادیش کے ویزے لگے ہوئے ہیں لیکن گول کیپر امجد علی ،مظہر عباس کے ویزےتاحال موصول نہیں ہوئے۔
آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ رسک نہیں لیناچاہتےاس لئےجونئیر گول کیپرز کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
13 دسمبر تک قومی ٹیم میں کوئی گول کیپر نہ پہنچ پایا تو پہلے سے مشکلات کا شکار قومی ٹیم کیلئے مشکلات مزید بڑھ جائیں گی ۔
ایشین چیمپینز ٹرافی میں چھ ایشیائی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں میزبان ملک بنگلہ دیش سمیت پاکستان ، بھارت، کوریا، جاپان اور ملائشیا شامل ہیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم 14 دسمبر کو اپنا پہلا میچ جاپان کیخلاف کھیلے گی، روایتی حریف بھارت کیساتھ پاکستان کا میچ 16 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔
قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، کیونکہ ایشین چیمپئنز ٹرافی ایک ورلڈ کلاس ٹورنامنٹ ہے۔