پاکستان کی خود مختاری خطرے میں پڑ چکی ہے، احسن اقبال

ایک اناڑی کا بت تراش کر عوام کو چورن بیچا کہ یہ صادق اور امین ہے، احسن اقبال

لاہور: مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خود مختاری خطرے میں پڑ چکی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خود مختاری خطرے میں پڑ چکی ہے، حکومت نے تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں وفاقی حکومت نے رینجرز کے ذریعے تشدد کروایا، ان ہٹھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ڈنڈوں سے ڈر کر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ خارجہ پالیسی بڑھکوں سے نہیں چلتی مشاورت کرنی پڑتی ہے، بار بار کہا کہ خارجہ پالیسی پارلیمنٹ کے ذریعے بنائیں۔

مزید پڑھیں: لیگی رہنماؤں کا گرین لائن کا علامتی افتتاح، اہلکاروں سے دھکم پیل

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ملتان میں جب ایئرپورٹ کا افتتاح ہوا تو یوسف رضا گیلانی کو ساتھ بٹھایا گیا، نواز شریف نے کریڈٹ یوسف رضا گیلانی دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر کبھی ذوالفقار بھٹو کے کردار کو فراموش نہیں کیا، اس کے لیے ہمت اور ظرف چاہیے جو موجودہ حکومت میں نہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ کو ن لیگ ایک ہزار ارب پر لے گئی تھی، حکومت نے ترقیاتی بجٹ سکیڑ کر 600 ارب روپے کردیا، گرین لائن بس منصوبہ 2018 میں مکمل ہوجانا تھا گرین لائنز منصوبہ 2021 میں مکمل ہونا نالائقی ہے۔