زمینی سفر کرنے والوں کے لیے کرونا ویکسی نیشن لازمی قرار

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے کرونا ویکسی نیشن کو لازمی قرار دے دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح ہدایت کی گئی ہے کہ ٹرانسپورٹ سیکڑ کے لیے کرونا ویکسی نیشن مہم 8 دسمبر سے 18 دسمبر تک جاری رہے گی، جس کی نگرانی براہ راست کی جارہی ہے۔

این سی او سی کے مطابق وفاق اور صوبائی ٹرانسپورٹ سیکٹرمیں ویکسی نیشن مہم کی نگرانی کے لیے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں، جو  انٹر،انٹرا سٹی، پبلک، پرائیویٹ گاڑیوں، بس اسٹینڈ،ٹرمینل، ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی چیکنگ کریں گی اور مسافروں سے کرونا ویکسی نیشن کی تصدیق کریں گی۔

این سی او سی کے مطابق موٹروے، ریسٹ ایریا، بین الصوبائی داخلی مقامات پرگاڑیوں کی چیکنگ بھی کی جائے گی اور ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں کو ہی سفر کی اجازت دی جائے گی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن سےمستثنیٰ مسافروں کو میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا جبکہ جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہوگی انہیں موبائل ٹیموں کے ذریعے اسپاٹ ویکسی نیشن فراہم کی جائے گی۔