لاہور : سانحہ سیالکوٹ کی ٹیکنالوجی کی مدد سے تحقیقات جاری ہے ، قتل میں ملوث افراد کی شناخت کافی حد تک مکمل ہوگئی ، جس کے بعد پولیس کی جانب سے جلد بڑا کریک ڈاؤن متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ سیالکوٹ کی تفتیش ٹیکنالوجی کی مدد سے جدید طریقے سے جاری ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے150کیمروں کی فوٹیج فرانزک لیبارٹری بھجوادی گئی جبکہ سوشل میڈیا، موقع پر موجود افراد کی ویڈیوز بھی فرانزک کیلئے بھجوائی گئیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیس کی جانب سے شواہد کی بنیاد پر جلد بڑا کریک ڈاؤن متوقع ہے ، پولیس سب سے پہلے فیکٹری کی چھت پرقتل کے واقعےکی تفتیش کررہی ہے، قتل میں ملوث افراد کی شناخت سی سی ٹی وی کیمروں سے کافی حد تک مکمل ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سی سی ٹی کیمروں کی فوٹیج سے پورے واقعے کو ترتیب دیا جائے گا ،کیمروں کی فوٹیج سے واضح ہو گامعاملہ کہاں سے شروع ،کہاں ختم ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی پروفائل کیس کی وجہ سے تفتیش میں مکمل احتیاط برتی جا رہی ہے ، حکومتی کوشش ہےکہ کسی بےگناہ کو کیس میں پھنسنےسےبچایاجائے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ زبانی گواہی کی صورت میں پہلے ویڈیو ،شواہدکی جانچ پڑتال ہوتی ہے ، سانحہ سیالکوٹ کا جنوری وسط تک تفتیش مکمل کرکے چالان جمع کرایا جائے گا۔